PM Apna Ghar Program

صدر اور وزیراعظم کا خواتین کے حقوق، تحفظ اور مساوات کے عزم کا اعادہ

0

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انسانی حقوق کے مجموعی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ خواتین پر تشدد کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوامی آگاہی، تعلیم اور مردوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکلز 14، 25 اور 34 ہر فرد کی عزت و وقار، مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی بھرپور شمولیت کی ضمانت دیتے ہیں۔ 1973ء کے آئین نے خواتین کو مساوی حقوق فراہم کیے، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ویمن بینک اور خواتین کے لیے پولیس اسٹیشنز کے قیام جیسے اقدامات کے ذریعے اس تصور کو عملی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی، تیزاب گردی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور متاثرہ خواتین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
پاکستان اور مالدیپ کا تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے تشدد اور بدسلوکی کی نئی اقسام سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے۔ نیشنل ایکشن پلان 2026 میں بھی خواتین کے تحفظ کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خواتین پر زور دیا کہ وہ قانونی معاونت حاصل کرنے کے لیے ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر خاتون کو خوف و ہراس کے بغیر تعلیم حاصل کرنے، روزگار کمانے اور عوامی زندگی میں بھرپور حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ خاندانوں، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور مرد حضرات کو بھی منفی رویوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے تشدد سے متاثرہ خواتین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے تمام افراد اور اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان قوم کی ہر بیٹی کی عزت، وقار اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف آج سے 16 روزہ آگاہی مہم کا آغاز بھی ہو رہا ہے، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری یہ مہم خواتین کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ریاست کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔ پاکستان 1996ء سے خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے عالمی کنونشن (CEDAW) کا فریق ہے اور اس حیثیت سے ملک نے خواتین پر تشدد کی روک تھام، متاثرہ خواتین کے تحفظ اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات گھروں، کام کی جگہوں، عوامی مقامات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پیش آتے ہیں۔ ان واقعات کی مکمل رپورٹنگ نہ ہونا، سماجی تنقید اور بدنامی کا خوف اور متعلقہ سہولیات تک محدود رسائی اس حوالے سے سنگین چیلنجز ہیں۔ ایسے واقعات کی روک تھام اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے تعاون کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور تشدد سے متاثرہ خواتین کو فراہم کی جانے والی معاونتی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبوں، پارلیمان، عدلیہ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو بھی مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ پورے معاشرے کے اجتماعی عزم اور مشترکہ کوششوں کا تقاضا کرتا ہے۔ مذہبی علما، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور معاشرتی رہنماؤں پر یہ خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نقصان دہ رویوں اور سوچ کو تبدیل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کو باوقار مقام، مساوی مواقع اور بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ان اسلامی اقدار کو ہمارے اجتماعی طرزِ عمل کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر تشدد سے متاثرہ خواتین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان تمام افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہا جو خواتین کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ پاکستان کو ایک ایسا معاشرہ بنانے کے عزم کی تجدید کی جائے جہاں ہر خاتون تشدد سے پاک زندگی گزار سکے اور اپنے تمام بنیادی حقوق سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.