برسلز: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے قیام کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔

یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا متحرک کردار عالمی سطح پر ملک کی قربانیوں اور خدمات کا واضح ثبوت ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ عالمی امن مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن مضبوط، قومی ٹیم کو سری لنکا کیخلاف 227 رنز کی برتری حاصل
وزیر دفاع نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے آراستہ اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔
انہوں نے زور دیا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل کے عمل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے حصول کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوریاں عالمی تنازعات کو مزید ہوا دے رہی ہیں، جبکہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے۔ اس کے ساتھ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق وعدوں سمیت ترقیاتی اہداف کی تکمیل بھی ناگزیر ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔



