پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک اہم کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا، جنہیں بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل ہونے پر سزائیں بھی سنا دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے بتایا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جہاں را سے وابستہ خواتین نے دوستی، مالی فوائد اور دیگر مراعات کا لالچ دے کر ان سے حساس معلومات حاصل کیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزمان کو رقوم مختلف ذرائع سے فراہم کی جاتی رہیں، جن میں ایزی پیسہ، کرپٹو والٹس اور بینک اکاؤنٹس شامل تھے۔
تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتار افراد مسلسل بھارتی ایجنسی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ رابطے میں رہے اور اہم معلومات شیئر کرتے رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں سزائیں سنائی گئیں۔