وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ اپنے بھائی عباس عراقچی کی وضاحت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اسلام آباد آنے سے انکار کر دیا ہے اور پاکستان کی مذاکراتی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
اس دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ انہوں نے مذاکرات کے لیے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
عباس عراقچی نے ایکس پر ایرانی عوام کی پاکستان سے محبت پر مبنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ مذاکرات کے لیے اسلام آباد آنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے، جبکہ امریکی میڈیا جنگ بندی سے متعلق خبروں کو غلط انداز میں پیش کر رہا ہے، اور ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ جنگ کا مکمل اور مستقل خاتمہ ہونا چاہیے۔