سفاک باپ نے 10 ماہ بچے کو چولہے پر رکھ کر جلا ڈالا

کراچی(نیوز ڈیسک)شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سنگدل باپ نے محض دس ماہ کے معصوم بچے کو چولہے پر رکھ کر بری طرح جلا دیا۔
واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا، جس کے بعد بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں بچے کی حالت دیکھ کر انتظامیہ نے وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو چولہے پر جلانے کےالزام میں ملوث باپ کو گرفتار کر لیا۔
بچے کی ماں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ اس کا شوہر اسے اور بچے کو مسلسل تشدد کا نشانہ بناتا تھا، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کا نچلا حصہ مکمل طور پر جلا ہوا ہے اور وہ ابھی تک ہوش میں نہیں آیا۔ ماں نے پولیس کو بتایا کہ وہ طلاق مانگتی تھی، جس پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ اسی دوران شوہر نے غصے میں آ کر بچے کو چولہے پر رکھ کر جلا دیا۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور گرفتار باپ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ نے بھی مقدمے میں مداخلت کی ہے اور بچے کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔