اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ، قومی قیادت کا خراجِ عقیدت
اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ، قومی قیادت کا خراجِ عقیدت

(نیوز ڈیسک)محترمہ بینظیر بھٹو کی فکر اور جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، صدرِ مملکت اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم اور جمہوریت کی علمبردار شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اہم سیاسی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں محترمہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بی بی نے آمریت کے خلاف استقامت سے مزاحمت کی اور ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی فکر اور جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کو نڈر آواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ محترمہ عوام کی بےلوث رہنما تھیں جنہوں نے ہمیشہ کمزور طبقات، خواتین اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی۔ بلاول بھٹو نے عزم ظاہر کیا کہ ہم بینظیر بھٹو کے مشن کو ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
سندھ اسمبلی میں بھی بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ان کی سیاسی جدوجہد، قیادت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور صدر پیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو نے محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ”ہیپی برتھ ڈے شہید محترمہ بینظیر بھٹو“ کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تقریب میں صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین نے بھرپور شرکت کی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی خدمات، قیادت اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے لیے جو جدوجہد کی، وہ ہماری سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔ ان کی بہادری، بصیرت اور اصول پسندی آج بھی سیاسی رہنماؤں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
