لاہور(نیوز ڈیسک) سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہماری 2 نسلیں انصاف مانگنے کے لیے لاہورہائی کورٹ آتی رہیں ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے ایک بار پھر موقع دیا گیا، لاہورہائی کورٹ بار کا شکرگزار ہوں، کہا جاتا ہے کہ جو قاتل ہوتا ہے وہ ہمیشہ جائے وقوعہ پر واپس لوٹتا ہے مگر اس لاہور ہائی کورٹ میں ہماری 2 مظلوم، متاثرہ نسلیں انصاف مانگنے کے لیے آتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بڑے احترام سے کہتا ہوں کہ آج تک اس لاہور ہائی کورٹ کو کرائم سین کی طرح دیکھا جاتا ہے کیونکہ یہاں ایک قتل ہوا اور قاتل آمر ضیاالحق، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے وہ جج، وہ بیوروکریٹس تھے جو اس میں سہولت کار بنے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جسٹس قاضی فائز عیسی سمیت تمام جج صاحبان کا شکر گزار ہوں کہ صدر زرداری کے 12 سال پہلے بھیجے گئے ریفرنس پر سماعت ہورہی ہے اور امید ہے کہ اتنے سال بعد قائد عوام کو انصاف ملے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جج صاحبان اپنے فیصلوں سے وہ داغ دھوئیں گے صرف اس لیے نہیں کہ وہ مجھے، میرے خاندان اور میرے کارکنان کو انصاف دیں گے بلکہ اس لیے کہ وہ ایک اور پتھر پر لکیر کھینچے گے کہ آج کے بعد کسی وزیر اعظم کے ساتھ یہ سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ملکی مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، بلاول بھٹو