پاکستانتازہ ترین

پاکستانی قومیت میں اقلیتوں کا بہت اہم حصہ ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے اقلیتوں کے بغیر پاکستان کا تصور نامکمل ہے۔

ہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، سیاسی، مذہبی اور معاشی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے،بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی شناخت کی واضح خصوصیت ہے۔
جمعہ کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اقلیتوں کے قومی دن پر پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی میں غیر مسلم پاکستانی شہریوں کے کردار کو منا رہے ہیں،
ہماری اقلیتی برادریاں پاکستانی قومیت کا بنیادی حصہ ہیں، آزادی کی جد وجہد سے لے کر آج تک پاکستانی اقلیتوں نے ملک کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کیا ہے، دفاع ہو یا تعلیم، صحت ہو یا سماجی خدمت، زندگی کے تمام شعبوں میں ہمارے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہماری توجہ قائد اعظم کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی اس تاریخی تقریر کی جانب مبذول کراتا ہے جس میں انہوں نے نئی ریاستِ پاکستان کے شہریوں کے لیے رہنما اصول مرتب کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کے بغیر نامکمل ہے،
ہمارے ملک کے جھنڈے میں سفید حصہ ملک میں اقلیتی برادری کی جگہ کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے پہلے وزیر قانون جوگندر ناتھ منڈل سے لے کر ڈاکٹر میرا فیلبس تک، ڈاکٹر رتھ فاؤ سے لے کر جسٹس د راب پٹیل تک، ہمارے ملک کی نامور غیر مسلم شخصیات کی فہرست بہت طویل ہے جن کی عوامی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی شناخت کی واضح خصوصیت ہے۔پاکستان تکثیریت اور تنوع کا حامی ہے۔ ہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، سیاسی، مذہبی اور معاشی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانا، عوامی پالیسی کا مرکز بن چکا ہے، اور یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نےاس مقصد کے لئے وسائل مختص کئے ہیں اور ان کو بااختیار بنانے کے لیے پالیسیاں نافذ کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ اقلیتوں کے قومی دن پر میں قوم کی تعمیر میں غیر مسلم پاکستانیوں کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے مستقل اور غیر متزلزل عزم کا یقین دلاتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں ،کسی قوم میں اتحاد کے جذبے سے زیادہ طاقتور کوئی چیز نہیں ہے کیونکہ یہ اس کے تخیل کو طاقت بخشتی ہے اور مشکلات پر قابو پانے کے عزم کو مضبوط کرتی ہے،

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button