قطری وزارت خارجہ نے ایران کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر نے کسی ایرانی پائلٹ کو گرفتار یا حراست میں نہیں لیا۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ایرانی پائلٹس کی حراست سے متعلق گردش کرنے والے دعوؤں کی قطر واضح طور پر تردید کرتا ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات پر حیرت ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطری امدادی ٹیموں نے لاپتا ایرانی پائلٹس کی تلاش کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں۔ تلاش کے دوران ایک پائلٹ کی لاش ملنے کے بعد قطر نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے باقیات کی حوالگی کے لیے بھی بات چیت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ قطر نے اپریل میں ایرانی حکام کو باضابطہ دعوت دی تھی کہ ایک ایرانی ٹیم قطر آ کر پائلٹس کی تلاش اور امدادی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کرے، لیکن ایرانی فریق نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا۔
اس سے قبل ایرانی مسلح افواج کے جنرل محمد باقرزاده نے دعویٰ کیا تھا کہ جنگ کے دوران 3 ایرانی پائلٹس زندہ حالت میں قطری فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق یہ پائلٹس اس وقت لاپتا ہوئے جب ان کا ایس یو 24 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔
قطر کی تردید کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پائلٹس کے معاملے پر متضاد بیانات سامنے آئے ہیں، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوشیں بھی جاری ہیں۔