بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں سلمان خان نے کہا کہ یہ ایک نہایت پُرامن تحریک تھی، لیکن یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ اس نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران جن طلبا اور ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچا، ان کے لیے ان کا دل دکھی ہے۔
یمن کے حوثیوں کا بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر سعودی عرب کے 2 آئل ٹینکرز پر حملہ
سلمان خان نے کہا کہ پیپر لیک کا معاملہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ملک بھر کے طلبا بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہو کر سامنے آئے ہیں۔ ان کے بقول اس سے بھی زیادہ خوش آئند بات یہ ہے کہ طلبا کے والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ طلبا کے مؤقف اور جدوجہد کو دل سے سراہتے ہیں۔ ان کے مطابق طلبا نے اپنی لگن، خلوص اور محنت سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، اپنا مستقبل روشن بنانا چاہتے ہیں اور ایک زیادہ تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج اور تحریک درست سمت میں اٹھایا گیا قدم تھا اور طلبا نے اسے نہایت پُرامن انداز میں آگے بڑھایا۔ ان کی ہمت، بہادری، عزم اور تعلیم کے لیے جذبے کو انہوں نے قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے یہی نسل مستقبل میں بھارت کا نام روشن کرے گی۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ یہ معاملہ طلبا اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق اس کامیابی کا اصل سہرا صرف ملک کے طلبا کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بھی طلبا کی بھرپور حمایت کرے گی اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی، جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔
اپنے بیان کے اختتام پر سلمان خان نے کہا کہ وہ امید اور دعا کرتے ہیں کہ اس معاملے کا مثبت حل نکلے اور اللہ تعالیٰ ان تمام طلبا کو کامیاب کرے جو علم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔