گلگت بلتستان میں مالی شفافیت کے لیے OM ماڈیول کے نفاذ کا فیصلہ
گلگت بلتستان میں مالی شفافیت کے لیے OM ماڈیول کے نفاذ کا فیصلہ
اسلام آباد: کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی کی ہدایت پر فنانشل اکاؤنٹنگ اینڈ بجٹنگ سسٹم (FABS) ڈائریکٹوریٹ کے تحت گلگت بلتستان میں آرگنائزیشنل مینجمنٹ (OM) ماڈیول کے نفاذ سے متعلق ایک تعارفی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں سیکریٹری خزانہ گلگت بلتستان نجیب عالم، اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان محمد لقمان، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ سکاوت حسین، ڈائریکٹر پی ایم آر یو اور محکمہ خزانہ کے سسٹم اینالسٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیشن کے دوران بتایا گیا کہ OM ماڈیول کے نفاذ سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے ریکارڈ اور منظور شدہ آسامیوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی قائم ہو سکے گی، غیر مجاز اور اضافی ادائیگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا، انسانی وسائل کے انتظام میں شفافیت آئے گی، بجٹ سازی اور مالی منصوبہ بندی بہتر ہوگی اور آڈٹ کے عمل کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا، جس کے نتیجے میں مجموعی مالی نظم و ضبط اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ ملے گا۔
برطانیہ میں ڈاکٹروں کا کم تنخواہوں کیخلاف ہڑتال کا اعلان
اس موقع پر سیکریٹری خزانہ گلگت بلتستان نجیب عالم نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان منظور شدہ آسامیوں اور تنخواہوں کے ریکارڈ میں موجود تضادات ختم کرنے کے لیے OM ماڈیول کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کرنا چاہتی ہے، کیونکہ اس نظام کی عدم موجودگی کے باعث انسانی وسائل اور تنخواہوں سے متعلق مختلف انتظامی اور مالی مسائل کا سامنا ہے۔
FABS کی تکنیکی ٹیم نے OM ماڈیول کے عملی نفاذ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ڈیٹا میں موجود تضادات کی نشاندہی اور اصلاح، معیاری ڈیٹا فارمیٹس کی تیاری، اور محکمہ خزانہ گلگت بلتستان، دفتر اکاؤنٹنٹ جنرل گلگت بلتستان اور تمام محکموں کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی تربیت ضروری ہوگی۔ مزید بتایا گیا کہ دیگر صوبوں میں SAP اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد گلگت بلتستان میں OM ماڈیول کا باقاعدہ نفاذ شروع کیا جائے گا، جبکہ عبوری مدت کے دوران FABS کنسلٹنٹس کی نگرانی میں ڈیٹا کی ہم آہنگی کا عمل جاری رہے گا۔
سیشن میں یہ بھی طے پایا کہ دسمبر کی تنخواہوں کی ادائیگی کے فوراً بعد ایک معیاری فارم جاری کیا جائے گا، رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز پر مشتمل واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے گا، جون 2026 میں آزمائشی مرحلہ شروع ہوگا اور جولائی 2026 سے مکمل نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔
آخر میں شرکاء نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس عمر علی سے ملاقات کی اور انہیں سیشن کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے گلگت بلتستان میں OM ماڈیول کے نفاذ کے لیے وفاقی حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مالی شفافیت، انسانی وسائل کے مؤثر انتظام اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔