پاکستان اور چین کی افواج علاقائی امن و استحکام کیلئے شانہ بشانہ ہیں: فیلڈ مارشل
آئی ایس پی آر کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
خصوصی تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے نیشنل کنیکٹیوٹی پلان کو حتمی شکل دینے کا عمل تیز
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے قیام کی 99ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں پیپلز لبریشن آرمی کی اہم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی منفرد، آزمودہ اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود مسلسل مضبوط رہی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں، جن کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے عزم پر قائم ہیں۔
چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دلی شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
تقریب کے موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔