شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورۂ تہران کا ذکر کرتے ہوئے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کا حوالہ دیا اور ایرانی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کے ساتھ پاکستان آئے ہیں۔
اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔