آزاد کشمیر انتخابات: مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار مدقابل
مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر، پیپلز پارٹی آزادکشمیر، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی 208 امیدوار انتخابی میدان میں حصہ لے رہے ہیں۔
حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں 26، ایل اے 28 مظفرآباد 2 میں 24، ایل اے 29 مظفرآباد 3 میں 34، ایل اے 30 مظفرآباد 4 میں 15 جبکہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں 25 امیدوار مد مقابل ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ضلع نیلم کی 2 نشستوں پر 1 لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر 1 لاکھ 77 ہزار 500 جبکہ ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔
ضلع مظفرآباد میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے مجموعی 124 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پورے ڈویژن میں 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
حلقہ ایل اے 25 نیلم 1 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے شاہ غلام قادر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ ایل اے 26 نیلم 2 میں پیپلز پارٹی کے میاں عبد الوحید، مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے شاہ غلام قادر اور استحکام پاکستان پارٹی کے ثقلین حیدر کاظمی انتخابی میدان میں ہیں۔
حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1 میں پیپلز پارٹی کے سردار جاوید ایوب، مسلم لیگ ن کی نورین عارف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک علی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 میں پیپلز پارٹی کے سید بازل علی نقوی، مسلم لیگ ن کے چوہدری شہزاد محمود اور استحکام پاکستان پارٹی کی پروفیسر تقدیس گیلانی مد مقابل ہیں۔
بچے بچے کو پتہ ہے الیکشن میں ن لیگ بری طرح ہاری، دھاندلی سے جتوایا گیا تھا، سعید غنی
حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 میں مسلم لیگ ن کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی اور پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
حلقہ ایل اے 30 مظفرآباد 4 میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی اور پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر، مسلم لیگ ن کے ثاقب مجید راجہ اور استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ مظہر قیوم انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
حلقہ ایل اے 32 مظفرآباد 6 چکار میں مسلم لیگ ن کے راجہ فاروق حیدر اور پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ حلقہ ایل اے 33 مظفرآباد 7 لیپہ میں مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد رشید اور پیپلز پارٹی کے دیوان علی خان چغتائی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 انتخابی نشستوں کے لیے 1057 پولنگ سٹیشنز اور 1829 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں کے لیے 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔