عدالت نے قرار دیا ہے کہ مجسٹریٹ کو محض بیان ریکارڈ کرنے کی بنیاد پر کسی لڑکی کو دارالامان میں رکھنے کا اختیار حاصل نہیں، جبکہ کم عمری کی شادی کے بعد رہائش اور تحویل کا فیصلہ صرف لڑکی کی رضامندی کی بنیاد پر بھی نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے رخسانہ حبیب، محمد نعمان اور محمد ذیشان کی جانب سے دائر تین آئینی درخواستوں پر مشترکہ فیصلہ جاری کیا۔ درخواستوں میں دو کم عمر لڑکیوں مافیا بی بی اور سلینہ بی بی کو دارالامان میں رکھنے سے متعلق مجسٹریٹ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ڈی ایچ کیو اسپتال چکوال میں کیتھ لیب کا افتتاح کردیا
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت 18 سال سے کم عمر لڑکا یا لڑکی بچہ تصور ہوگا اور کم عمری کی شادی کے نتیجے میں مبینہ شوہر کے ساتھ رہائش، لڑکی کی رضامندی کے باوجود، قانون کے تحت ممنوع ہے۔ عدالت کے مطابق کم عمر لڑکی کی خواہش کو رہائش یا تحویل سے متعلق فیصلے میں حتمی حیثیت نہیں دی جا سکتی۔
فیصلے کے مطابق مافیا بی بی کی والدہ نے 31 اگست 2026 کو تھانہ بستی ملوک ملتان میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ مافیا بی بی نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا تھا کہ اس نے محمد نعمان سے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور وہ اس کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ تاہم والدہ کی جانب سے پیش کیے گئے نادرا فارم ب کے مطابق لڑکی کی تاریخ پیدائش 21 دسمبر 2009 تھی۔ مجسٹریٹ نے اسے کم عمر قرار دیتے ہوئے دارالامان بھیج دیا تھا، جبکہ بعد ازاں رہائی کے لیے دائر درخواست بھی مسترد کردی گئی تھی۔
دوسرے مقدمے میں محمد ذیشان نے مؤقف اختیار کیا کہ سلینہ بی بی نے 25 جولائی 2026 کو اپنی مرضی سے اس سے شادی کی تھی۔ لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی اپنی مرضی سے شادی کرنے اور ذیشان کے ساتھ رہنے کا بیان دیا تھا۔ تاہم والد کی جانب سے پیش کیے گئے فارم ب کے مطابق اس کی عمر 15 سال سے کم تھی۔ مجسٹریٹ نے اسے نابالغ قرار دے کر دارالامان بھیج دیا، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج نے اس حوالے سے دائر نظرثانی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا تھا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلے میں مزید قرار دیا کہ بچوں کے بہترین مفاد، تحفظ، جسمانی و ذہنی صحت، تعلیم اور نشوونما کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ بچوں کی خواہشات بھی اہمیت رکھتی ہیں، تاہم انہیں تحویل یا رہائش سے متعلق فیصلے کی واحد بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔
عدالت نے واضح کیا کہ دارالامان میں غیر معینہ مدت تک کسی لڑکی کو رکھنا کسی قانونی فیصلے یا تحویل کے تعین کا متبادل نہیں بن سکتا۔ کسی لڑکی کو جبری طور پر دارالامان میں رکھنے کے لیے واضح قانونی اختیار کا ہونا ضروری ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹ کے 3، 7، 11 اور 15 ستمبر 2026 کے احکامات کے علاوہ ایڈیشنل سیشن جج کے 10 ستمبر 2026 کے حکم کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔ تاہم عدالت نے دونوں لڑکیوں کو فوری طور پر رہا کرنے یا کسی فریق کے حوالے کرنے کے بجائے ان کی موجودہ رہائش عارضی طور پر برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے سیشن جج ملتان کو ہدایت کی کہ دونوں لڑکیوں کو دو روز کے اندر اپنے سامنے پیش کرکے ان سے الگ الگ ملاقات کی جائے، ان کی موجودہ خواہشات معلوم کی جائیں اور عمر سے متعلق شواہد، تحفظ کے خدشات اور والدین یا مبینہ شوہروں کے ساتھ رہائش اختیار کرنے سے لاحق خطرات کا جائزہ لیا جائے۔ سیشن جج کو متبادل محفوظ رہائش کے انتظامات سے متعلق الگ الگ رپورٹ بھی آئندہ سماعت سے قبل پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ دارالامان ملتان کو بھی حکم دیا کہ دونوں لڑکیوں کی حفاظت، عزت، صحت اور مشاورت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ اس کے علاوہ ان کی خواہشات اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے خاندان کے افراد سے مناسب نگرانی میں رابطے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے دونوں لڑکیوں کو آئندہ سماعت تک دارالامان میں رکھنے کا عبوری حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ انتظام صرف عارضی نوعیت کا ہے اور اسے لڑکیوں کی تحویل، مبینہ شادی کی قانونی حیثیت یا کسی فریق کی فوجداری ذمہ داری سے متعلق حتمی فیصلہ تصور نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے درخواستیں مزید سماعت کے لیے زیر التوا رکھتے ہوئے آئندہ سماعت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔


