چکوال یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کرنا حکومت کا کوئی احسان نہیں بلکہ طلبہ کی محنت اور قابلیت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چکوال میں دو جدید اسکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت اور وسائل کی کمی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں اور وہ چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت اور لگن کے ساتھ کام کریں گی۔

مریم نواز نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے بھی حصہ رکھا گیا ہے اور قابلیت کی حوصلہ افزائی کے معاملے میں کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے بڑی نعمت ہیں۔ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف ڈگری حاصل کرنے کا دور گزر چکا ہے بلکہ موجودہ زمانہ جدید مہارتوں کا ہے۔
لیبیا کے ساحل پر پاکستانی تارکین کی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات ہیں: دفترِ خارجہ
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور کی طرز پر جدید گرین بسیں اور بس اسٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان کے دل میں ان چھوٹے شہروں کے لیے زیادہ جگہ ہے جو ماضی میں بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بھی وسائل کی کمی کا سامنا ہے اور دستیاب فنڈز سوچ سمجھ کر خرچ کرنا پڑتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی شخص ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داری ادا کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے اور ان کی خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھروں اور باہر محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پینک بٹن کی سہولت بھی فعال کردی گئی ہے۔
صحت کی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں کسی شہری کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کی صورت میں اسی شہر میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں، جبکہ مزید بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ رانا سکندر کو ہدایت کی گئی ہے کہ یونیورسٹی کے لیے پنک بس اگلے ہی روز فراہم کی جائے۔ ان کے مطابق یہ جدید بسیں وائی فائی کی سہولت سے آراستہ ہیں اور مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ طالبات کے لیے پنک جبکہ طلبہ کے لیے بلیک اسکوٹیز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تمام تعیناتیاں سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز جب وہ اس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد سے ملاقات کے لیے گئیں تو ملتان اسٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد مستحق افراد کو جمع کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے چکوال کی ضلعی انتظامیہ میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں اور انہیں ان کی کارکردگی پر فخر ہے۔ مریم نواز کے مطابق شہر کی ترقی میں خواتین بھی انتہائی اہم اور نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ حکومت کو قائم ہوئے ابھی صرف ایک ہزار دن ہوئے ہیں۔ حکومت اور اقتدار مستقل چیزیں نہیں بلکہ عارضی ہیں اور وقت کے ساتھ آتی جاتی رہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری انتہائی نازک ہوتی ہے، جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسل سکتی ہے، کیونکہ اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں۔


