Gas Leakage Web ad 1

آبنائے ہرمز میں 15 گھنٹے کی تیراکی: جنگ کے درمیان سمندر میں برطانوی تیراک نے کیا دیکھا؟

لوئس پیو نے تین دن میں 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، دھماکوں اور جلتے جہازوں کا مشاہدہ کیا، اور خبردار کیا کہ ماحولیاتی تباہی نسلوں تک برقرار رہ سکتی ہے

0

برطانوی مہم جو اور طویل فاصلے کے تیراک لوئس پیو نے آبنائے ہرمز میں تین دن تک جاری رہنے والی ایک غیر معمولی تیراکی مہم مکمل کر لی ہے۔ اس مہم میں انہوں نے مجموعی طور پر تقریباً 15 گھنٹے تیراکی کی اور 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

Gas Leakage Web ad 2

56 سالہ پیو، جو اقوام متحدہ کے سمندروں کے لیے خیرسگالی سفیر بھی ہیں، اس مہم کے ذریعے جنگ کے ماحولیاتی اثرات اور سمندری حیات کو لاحق خطرات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا چاہتے تھے۔

’تیراکی شروع کرتے ہی دھماکے سنے‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں لوئس پیو نے بتایا کہ انہوں نے پیر کو آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں واقع جزیرہ نما مسندم سے تیراکی کا آغاز کیا اور کیپ ہرمز کے گرد اپنا سفر مکمل کیا۔

ان کے مطابق تیراکی شروع کرنے کے چند منٹ بعد ہی انہوں نے دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ چند کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

پیو نے بتایا کہ دھماکے کی آواز انتہائی بلند تھی، اور اس کے فوراً بعد انہوں نے لڑاکا طیاروں کو علاقے میں آتے دیکھا۔ اس لمحے انہیں احساس ہوا کہ وہاں سے فوری نکلنا ضروری ہے۔

تین روزہ مہم کے دوران انہوں نے وقفے وقفے سے تیراکی جاری رکھی۔ اس دوران انہوں نے ایک اور بحری جہاز کو حملے کے بعد آگ کی لپیٹ میں دیکھا، جس سے آسمان کی جانب شعلے بلند ہو رہے تھے۔

سمندری حیات کو سنگین خطرہ

لوئس پیو کے مطابق آبنائے ہرمز کو صرف تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری راستہ سمجھنا غلط ہے۔ یہ علاقہ قدرتی حسن اور سمندری حیات سے مالا مال ہے۔

انہوں نے ڈولفن، سمندری کچھوؤں، مرجان کی چٹانوں اور مینگروو کے جنگلات کا خاص طور پر ذکر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران بحری جہازوں کو پہنچنے والے نقصان اور سمندر میں تیل پھیلنے سے ان قدرتی ماحول کو طویل عرصے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پیو نے خبردار کیا کہ آئل ٹینکرز سے تیل اور دیگر آلودگی سمندر میں پھیلنے کے بعد اسے صاف کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، اور اس کے اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔

اے پی کے مطابق عمان کے ساحل کے ساتھ تیراکی کے دوران پیو نے بڑی تعداد میں سمندری کچھوے دیکھے، جبکہ آبنائے ہرمز میں سفر کے دوران ڈولفن ان کی کشتی کے ساتھ ساتھ تیرتی نظر آئیں۔

چار دہائیوں سے ماحول کے لیے تیراکی

لوئس پیو گزشتہ تقریباً چار دہائیوں سے سمندری ماحول کے تحفظ، آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی جانب توجہ دلانے کے لیے دنیا کے انتہائی مشکل مقامات پر تیراکی کرتے آ رہے ہیں۔

وہ شمالی قطب میں تیراکی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں اور دنیا کے تمام سمندروں میں طویل فاصلے تک تیراکی کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ سنہ 2023 میں انہوں نے دریائے ہڈسن میں 507 کلومیٹر تیراکی کر کے صاف دریاؤں کی اہمیت اجاگر کی تھی۔

ان کی مہمات کے ذریعے سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے کئی معاہدوں اور اقدامات کی حمایت حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔

لوئس پیو کے مطابق کھیل لوگوں کے درمیان مکالمے کا راستہ کھولتے ہیں اور انہیں اہم مسائل پر سوچنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

آبنائے ہرمز میں اپنی حالیہ مہم کے بعد ان کا پیغام واضح ہے: جنگ بند ہونی چاہیے، آبنائے کھولی جانی چاہیے اور آلودگی کو صاف کیا جانا چاہیے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.