Gas Leakage Web ad 1

جے یو آئی سندھ کا کراچی میں احتجاج، مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مہم بند کرنے کا مطالبہ

0

کراچی: جمعیت علمائے اسلام سندھ کے زیر اہتمام اتوار کو گرومندر چورنگی، جامعہ بنوری ٹاؤن کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کے دوران قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی مبینہ پامالی، ان کے خلاف کردار کشی کی مہم اور سندھ کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

Gas Leakage Web ad 2

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی کردار کشی کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور ان کے خلاف مبینہ انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک قومی سیاسی رہنما ہیں اور ان کی حفاظت اور عزت کا دفاع کرنا جے یو آئی کی ذمہ داری ہے۔ ملکی سلامتی اور سیاسی معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
ہرشیت رانا کی معاذ صداقت اور شامل حسین سے الجھنے کی ویڈیو وائرل
اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان، مولانا غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، مفتی عبدالحق عثمانی، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا فیض الحق، مفتی محمد خالد، مولانا نور الحق، مفتی لئیق اسعدی، فاروق حسن زئی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تجدیدِ عہدِ وفا کے لیے جمع ہوئے ہیں اور حالات جیسے بھی ہوں، جے یو آئی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ملک کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور آئین کی بالادستی کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ جماعت نے مذہبی طبقے کو بندوق کے بجائے ووٹ کی پرچی کا راستہ دکھایا اور انہیں پارلیمان تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی صوبائی اور وفاقی حکومتوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا نام پاناما میں نہیں آیا اور نہ ہی ان کے نام پر کوئی بے نامی اکاؤنٹ سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی، ملک میں امن کے قیام کے لیے اپنے ساتھیوں کے جنازے اٹھائے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے کارکنوں کی قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی آج بھی ملک کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے، ان کے خلاف کردار کشی کی مہم فوری بند کی جائے اور سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے حق میں اور ان کے خلاف جاری کردار کشی کی مہم کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مبینہ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملک کے سیاسی و قومی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.