ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کی مخالفت، چین اور روس بھی موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کے حامی ہیں، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ چین اور روس ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کے مخالف ہیں، تاہم ایران کے اندر بعض حلقے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو دفاعی ضرورت قرار دیتے ہوئے موجودہ پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عباس عراقچی نے ہفتے کے روز سرکاری اخبار ایران ڈیلی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جوہری نظریے میں تبدیلی کا معاملہ وسیع اور سنجیدہ نوعیت کا ہے، جس پر ایران کے اندر مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔
یورپ میں فریج ہیکنگ: برطانیہ نے سائبر حملوں کا حل نکال لیا
انہوں نے واضح کیا کہ چین اور روس بھی ایران کے جوہری نظریے میں تبدیلی کے حامی نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کے ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب تک ایران کے جوہری نظریے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور حکومت کا سرکاری مؤقف بدستور برقرار ہے۔
ایران میں جوہری پالیسی تبدیل کرنے سے متعلق بحث اسرائیل اور امریکا کے ساتھ جنگ کے بعد دوبارہ شدت اختیار کرگئی ہے۔ اس جنگ کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری جانب ایران نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو اپنی جوہری تنصیبات تک رسائی دینے سے روک رکھا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عالمی جوہری ادارے نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ معائنہ کاروں کی واپسی کے لیے بتدریج اقدامات کرے، کیونکہ اہم جوہری تنصیبات تک رسائی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔



