Gas Leakage Web ad 1

رانا ثناء اللہ کا بلاول بھٹو پر طنز، صدر زرداری دونوں بیٹوں کو سمجھائیں، نئے صوبوں کی بحث خراب نہ کریں

وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کا حامی جبکہ دوسرا مخالف ہے، سیاسی بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

0

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی بحث شدت اختیار کرگئی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو سمجھائیں۔

Gas Leakage Web ad 2

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آصف زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں ہے جبکہ دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے، اس لیے صدر زرداری کو چاہیے کہ وہ دونوں کو سمجھائیں کیونکہ اس بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے حوالے سے بحث شروع کی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو دونوں صدر آصف علی زرداری کے تابع ہیں، لہٰذا صدر مملکت کو چاہیے کہ وہ انہیں اس معاملے پر غیر ضروری سیاسی کشیدگی پیدا کرنے سے روکیں۔

گفتگو کے دوران جب رانا ثناء اللہ کی توجہ بلاول بھٹو کے اس بیان کی جانب دلائی گئی کہ مسلم لیگ (ن) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) فارم 47 کی پیداوار ہیں تو انہوں نے جواب میں سوال اٹھایا کہ کراچی کا میئر کیسے بنا اور کیا وہ اس کی تفصیل میں جائیں؟

بلاول بھٹو کے ملک کے نظام اور سیاسی ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دینے سے متعلق بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا غصہ کسی اور بات پر ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیے جانے سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا سنائے جانے کے بعد کوئی بھی شخص سیاسی قیدی نہیں رہتا۔

27ویں آئینی ترمیم زبردستی منظور کروائے جانے سے متعلق بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترمیم کی منظوری کے بعد بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں اس کا کریڈٹ لیا تھا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ممکن ہے وہ تقریر بھی ان سے زبردستی کروائی گئی ہو، اگر ایسا ہے تو پھر پیچھے کچھ بچتا ہی نہیں۔

واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کے یہ بیانات بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق حکومتی پیش رفت پر اعتراضات کے بعد سامنے آئے ہیں۔ بلاول بھٹو نے خبردار کیا تھا کہ اگر زبردستی سندھ کو تقسیم کیا گیا تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا۔

انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزرا کو کنٹرول کرسکیں۔

یوں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی اختلافات کا اہم موضوع بن گیا ہے

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.