ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی ایئرپورٹ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کسی بھی مسافر کو آف لوڈ کرنے کے پیچھے ٹھوس وجوہات ہوتی ہیں، جن میں مالی حیثیت، ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ، مطلوبہ غیر ملکی کرنسی اور واپسی کا ٹکٹ نہ ہونا سمیت دیگر عوامل شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ورک ویزا پر مسافروں کی آف لوڈنگ کا تاثر درست نہیں ہے۔

اپنے بیان میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ورک ویزا پر آف لوڈنگ کے واقعات انتہائی محدود ہیں، کیونکہ ورک ویزا سے متعلق دستاویزات کی متعلقہ وزارت پہلے ہی جانچ پڑتال کرتی ہے۔ ان کے مطابق آف لوڈنگ کے زیادہ تر واقعات وزٹ ویزا پر بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے ساتھ پیش آتے ہیں، جہاں ان کی مالی حیثیت اور بیرون ملک قیام کے اخراجات برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
امریکا کے ساتھ جنگ کا خاتمہ سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے، عباس عراقچی
شہزاد اکبر نے بتایا کہ ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ نہ ہونا، مطلوبہ غیر ملکی کرنسی اور واپسی کا ٹکٹ موجود نہ ہونا بھی مسافروں کو آف لوڈ کرنے کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وزٹ ویزا پر بیرون ملک روانگی سے قبل اپنے مالی وسائل، ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ، مطلوبہ غیر ملکی کرنسی اور واپسی کے ٹکٹ کو یقینی بنائیں تاکہ امیگریشن کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد آف لوڈنگ کے مقابلے میں چار گنا بڑھ چکی ہے، جبکہ متعدد ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو بیرون ملک فوجداری الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب سے منشیات کے الزامات کے تحت پاکستانی شہریوں کی ڈی پورٹیشن کے واقعات زیادہ ہیں، جبکہ اقامے کی میعاد ختم ہونا اور مقررہ مدت سے زیادہ قیام بھی سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن کی بڑی وجوہات ہیں۔
شہزاد اکبر کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ایف آئی اے کا پری ڈیپارچر فسیلیٹیشن ڈیسک مکمل طور پر فعال ہے، جہاں مسافروں کو سفری تقاضوں اور امیگریشن کے طریقہ کار سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس ڈیسک کے قیام کا مقصد بیرون ملک سفر کرنے والے حقیقی مسافروں کو روانگی سے قبل سفری دستاویزات اور امیگریشن امور سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا اور ان کے تحفظات دور کرنا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مسافروں کے سفر کو آسان، ہموار اور پریشانی سے پاک بنانے میں مدد مل رہی ہے۔



