لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل اسکیم کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کی منظوری دے دی ہے، جبکہ اسکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے سولر پینلز کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینلز پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے توانائی اور بائیو فیول کی پیداوار کے منصوبے کے حوالے سے بھی پلان طلب کر لیا گیا ہے۔
گلگت: بلدیاتی انتخابات 5 دسمبر کو مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر نے منسوخی کی افواہوں کو مسترد کر دیا
مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں کا انرجی آڈٹ کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسپتالوں میں بجلی کی ضروریات اور انرجی لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینلز نصب کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں تین ہزار ٹن ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیو انرجی اور بائیو فیول کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات سے بائیو ریفائنری پراجیکٹ کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں کمرشل اسکیل، نجی ڈیری فارمز اور کمیونٹی بیسڈ بائیو گیس پلانٹس کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ چولستان میں 40 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل اسکیم کے پہلے مرحلے کے دوران ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ فیز ون میں 89 ہزار 869 افراد کو سولر پینلز فراہم کیے گئے، جس کے نتیجے میں ان کے بجلی کے بلوں میں ایک تہائی تک بچت ہوئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل اسکیم نے پنجاب بھر میں عوامی سطح پر مقبولیت حاصل کی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے 76 اسکولوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ صوبے میں سالانہ چار لاکھ 90 ہزار ٹن اینیمل ویسٹ سے 7.15 ارب کیوبک میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے مجموعی طور پر 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ توانائی کے عوامی سروے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے غریب عوام کے لیے مختلف فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ سروے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ایم سولر پینل اسکیم کے باعث ان کے بجلی کے بلوں میں تقریباً نصف تک کمی واقع ہوئی ہے۔



