Gas Leakage Web ad 1

وراثتی حق وقت گزرنے سے ختم نہیں ہوتا، سپریم کورٹ نے اہم قانونی اصول واضح کر دیے

0

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی شخص کے انتقال کے ساتھ ہی اس کی جائیداد اور مال و دولت میں قانونی ورثا کا حق قائم ہو جاتا ہے اور محض وقت گزرنے سے وراثت میں ان کا حصہ ختم نہیں ہوتا۔

Gas Leakage Web ad 2

عدالت نے واضح کیا ہے کہ وراثتی حق سے محرومی کے دعوے پر مدتِ میعاد کا اطلاق اس وقت شروع ہوگا جب کسی وارث کے ملکیتی حق سے واضح اور کھلے انداز میں انکار کیا جائے اور متعلقہ وارث کو بھی اس انکار کا علم ہو۔ سپریم کورٹ کے مطابق حق سے انکار اور اس کے بارے میں وارث کی آگاہی، دونوں امور کا ثابت ہونا ضروری ہے۔
پنجاب: ریسٹورینٹس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں پر شہریوں کیلئے انعامی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ
جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کردہ بڑے بینچ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی وارث کو معلوم ہو جائے کہ اس کے وراثتی حق سے انکار کیا جا رہا ہے اور وہ اس کے باوجود چھ سال تک قانونی کارروائی نہیں کرتا تو اس کا دعویٰ مدتِ میعاد کی پابندی کی زد میں آ سکتا ہے۔ تاہم عدالت کسی وارث کے علم میں لائے بغیر یہ تصور نہیں کر سکتی کہ مدتِ میعاد شروع ہو چکی ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ قانونی ورثا کو اپنے مورث کے وہ دعوے بھی وراثت میں منتقل ہوتے ہیں جن پر انہوں نے اپنی زندگی میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کی تھی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اہلِ سنت کے فقہی مکاتبِ فکر اس اصول پر متفق ہیں کہ کسی شخص کی وفات کے بعد تجہیز و تکفین کے اخراجات، قرضوں اور جائز وصیت کی ادائیگی کے بعد اس کا ترکہ قانونی ورثا میں منتقل ہو جاتا ہے۔ عدالت کے مطابق وراثت کی تقسیم میں تاخیر سے بالخصوص بیواؤں، بیٹیوں، نابالغ بچوں اور یتیموں کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ اس سے خاندانی تنازعات، دھوکا دہی اور ورثا کے حقوق غصب کرنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں وراثتی جائیدادوں میں دھوکا دہی کے مختلف طریقوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ سپریم کورٹ کے مطابق بعض معاملات میں جائیداد کی منتقلی کے لیے جعلی انگوٹھے لگائے جاتے ہیں، فرضی زبانی ہبہ ظاہر کیا جاتا ہے اور حلف ناموں کے ذریعے بہنوں کے نام حذف کر دیے جاتے ہیں۔ اسی طرح خواتین سے ایسے کاغذات پر دستخط یا انگوٹھے لگوا لیے جاتے ہیں جنہیں وہ پڑھنے یا سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ بعض معاملات میں وراثتی خاندان کی کسی شاخ کو چھپا کر جانشینی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 187 کے تحت صوبوں اور علاقوں کے ریونیو حکام کو ہدایت کی ہے کہ نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) یا تمام قانونی ورثا کی تصدیق کرنے والی کسی مساوی دستاویز کے بغیر وراثتی انتقال نہ کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ہر وارث کو اس کے اپنے پتے پر تحریری نوٹس بھجوایا جائے، جس میں خواتین ورثا کو بھی شامل کیا جائے۔ اگر کسی وارث کو اس کے قانونی حصے سے کم جائیداد ملنے کا معاملہ سامنے آئے تو اس کا بیان بھی باقاعدہ ریکارڈ کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وراثتی جائیداد سے متعلق ہبہ، فروخت، دستبرداری یا تصفیے کے کسی بھی معاملے میں متعلقہ وارث کی ذاتی حاضری یقینی بنائی جائے۔ اس کی شناخت کی تصدیق کرنے کے ساتھ یہ بیان بھی ریکارڈ کیا جائے کہ اسے اس کے مکمل وراثتی حصے کی تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے مزید ہدایت کی ہے کہ جہاں ممکن ہو، ایسے معاملات میں خاتون ریونیو افسر کی خدمات حاصل کی جائیں۔

سپریم کورٹ نے رجسٹریشن حکام، ترقیاتی اداروں، کنٹونمنٹ بورڈز اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت کی ہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ، انتظامی اختیار نامے یا عدالتی ڈگری کے بغیر وراثتی جائیداد کسی دوسرے شخص کے نام منتقل نہ کی جائے۔ ان اداروں کو بھی تمام قانونی ورثا کو تحریری نوٹس بھجوانے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ کسی وارث کو اس کے حق سے لاعلم رکھ کر جائیداد کی منتقلی نہ کی جا سکے۔

عدالت نے نئے اراضی بندوبست کے علاقوں، بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع، میں تعینات سیٹلمنٹ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام قانونی ورثا کے نام اراضی کے ریکارڈ میں درج کریں اور انہیں اس حوالے سے باقاعدہ اطلاع بھی دیں۔ ٹرائل کورٹس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وراثتی دعووں میں مدتِ میعاد سے متعلق قانونی سوالات کا باقاعدہ تعین کریں اور دستیاب شواہد کی روشنی میں ان کا جلد فیصلہ کریں۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قانون ساز اداروں اور لا اینڈ جسٹس کمیشن کو متعدد سفارشات بھی پیش کی ہیں۔ ان میں وراثتی حق سے دستبرداری یا تصفیے کے لیے رجسٹرڈ دستاویز کو لازمی قرار دینا، قانونِ میعاد 1908 میں ورثا کے دعوؤں سے متعلق الگ شق شامل کرنا اور ایسے خریداروں کے تحفظ کے لیے حتمی مدتِ میعاد مقرر کرنا شامل ہے جنہوں نے جائز طور پر قیمت ادا کرکے کھلے قبضے میں جائیداد حاصل کی ہو۔

سپریم کورٹ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 498-A میں ترمیم یا نئی قانونی دفعہ شامل کرنے کی بھی سفارش کی ہے، تاکہ کسی بھی وارث، خواہ مرد ہو یا عورت، کو دھوکا دہی یا غیر قانونی طریقے سے وراثت سے محروم کرنے کو جرم قرار دیا جا سکے، جبکہ خواتین کے لیے پہلے سے موجود خصوصی قانونی تحفظ بھی برقرار رہے۔ عدالت نے وراثتی انتقال کے بعد جائیداد کی بروقت تقسیم یقینی بنانے کے لیے بھی قانون سازی کی سفارش کی ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کی نقول وزارتِ قانون، صوبائی قانون کے سیکریٹریز، اٹارنی جنرل، صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.