Gas Leakage Web ad 1

لاہور میں ٹریفک پولیس کو اشتہاری ملزمان پکڑنے کا اختیار، کریمنل ریکارڈ تک رسائی مل گئی

ٹریفک پولیس اب ڈرائیورز کا مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کر سکے گی، گزشتہ ماہ 10 ہزار کمرشل ڈرائیورز کی جانچ پڑتال میں 2 ہزار 50 افراد کریمنل ریکارڈ ہولڈر نکلے۔

0

لاہور: ٹریفک پولیس کو کریمنل ریکارڈ ہولڈرز کے ڈیٹا بیس تک رسائی دے دی گئی ہے، جس کے بعد ٹریفک پولیس بھی اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کرنے میں معاون کردار ادا کرے گی

Gas Leakage Web ad 2

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای پولیس پوسٹ، پنجاب پولیس ایپ، ای گیجٹ، ہوٹل آئی اور دیگر ڈیٹا بیس تک رسائی کی درخواست کی تھی، جس پر ڈی آئی جی انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی پنجاب نے ابتدائی طور پر مخصوص ٹریفک وارڈنز کو کرمنل ریکارڈ آفس (سی آر او) کے ڈیٹا تک رسائی دے دی ہے۔

سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ان ڈیجیٹل نظاموں تک رسائی سے ڈرائیورز کے کوائف کی فوری تصدیق اور ڈیٹا کی بنیاد پر قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ ٹریفک پولیس نے گزشتہ ماہ 10 ہزار کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے شناختی کارڈز کے ذریعے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کروائی۔

انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کی جانچ کے دوران 2 ہزار 50 کمرشل ڈرائیورز کریمنل ریکارڈ ہولڈر نکلے، جو مجموعی طور پر 3 ہزار 700 مقدمات میں مطلوب تھے۔

سی ٹی او کے مطابق ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے کسی ڈرائیور کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آنے پر فوری طور پر متعلقہ تھانے کو الرٹ جاری کیا جائے گا تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جانچ پڑتال کے دوران متعدد ڈرائیورز سے مالِ مسروقہ بھی برآمد ہوا، جبکہ بعض افراد ماضی میں سزا کاٹنے کے باوجود مزید مقدمات میں ملوث پائے گئے۔ ایسے ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر صوبوں کے کریمنل ریکارڈ آفس (سی آر او) تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے مطلوب اور اشتہاری ڈرائیورز کی بھی بروقت نشاندہی اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.