کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹر کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے ٹریفک سب انسپکٹر عطاءاللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ سنایا۔
مریم نواز کا طلبہ کے لیے بڑا اعلان، ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز دینے کا فیصلہ
عدالت نے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی بریت سے متعلق ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا 4 ستمبر 2020 کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دے دیا۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عدالت نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انہیں فوری گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جائے۔
واضح رہے کہ جون 2017 میں عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سب انسپکٹر عطاءاللہ کچلے گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی ہلاکت ہوئی تھی۔



