Gas Leakage Web ad 1

پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت بہتر ڈھانچے اور مواقع کی ہے، سولانو

پاکستان میں پروفیشنل فٹبال لیگ کا آغاز ملکی فٹبال کے لیے اہم پیش رفت ہے

0

اسلام آباد: پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے ساف چیمپئن شپ 2026 میں قومی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف بھرپور مقابلہ کرے گا، جبکہ ٹیم کا فوری ہدف سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اسلام آباد میں پیر کی شام ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سولانو نے کہا کہ ساف چیمپئن شپ ایک مشکل ایونٹ ہے، تاہم پاکستانی ٹیم اس چیلنج کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف مقابلہ ہمیشہ خاص اہمیت رکھتا ہے اور ٹیم شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ انڈر 15 ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت اور کارکردگی نے ثابت کیا ہے کہ ملک میں فٹبال کا ٹیلنٹ موجود ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے مستقبل کے لیے امیدیں پیدا کی ہیں، تاہم ان صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انہیں مسلسل تربیت، مناسب مواقع اور بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا ضروری ہے۔

پاکستان اور دیگر ممالک کی ٹیموں کے درمیان فرق سے متعلق سوال کے جواب میں سولانو نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر نظام، کلب فٹبال اور مستقل مقابلوں کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق گراس روٹ سطح پر فٹبال کو فروغ دے کر ہی مستقبل کے لیے مضبوط قومی ٹیم تیار کی جا سکتی ہے۔

پاکستان میں پروفیشنل فٹبال لیگ کے آغاز سے متعلق سوال پر ہیڈ کوچ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال پروفیشنل لیگ کا آغاز ایک اہم پیش رفت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو باقاعدہ مقابلوں، بہتر فٹنس اور پیشہ ورانہ ماحول میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

سولانو نے کہا کہ کھلاڑیوں کی تیاری میں پری سیزن ٹریننگ انتہائی اہم ہوتی ہے، لیکن پاکستان کے موجودہ کھلاڑیوں کو ماضی میں اس طرح کی سہولیات اور تیاری کے مواقع میسر نہیں رہے۔ پروفیشنل لیگ کے آغاز سے کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد اور کھیل کے معیار میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فٹبال کی ترقی کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو کلبوں کے ساتھ منسلک کرنا اور ایک منظم نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔ ان کے مطابق یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے نوجوان صلاحیتوں کو بہتر کھلاڑیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ساف چیمپئن شپ میں پاکستان کی حکمت عملی سے متعلق بات کرتے ہوئے سولانو نے کہا کہ ٹیم اجتماعی کھیل، نظم و ضبط اور باہمی تعاون پر توجہ دے گی۔ ان کے مطابق فٹبال انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کھیل ہے اور کامیابی کے لیے تمام کھلاڑیوں کو مل کر دفاع اور حملہ کرنا ہوگا۔

پاکستان ساف چیمپئن شپ 2026 میں بھارت اور مالدیپ کے ساتھ گروپ میں شامل ہے۔ قومی ٹیم جمعرات کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی، جبکہ دوسرے میچ میں مالدیپ کا سامنا ہوگا۔ پاکستان کی نظریں گروپ مرحلے میں بہتر نتائج حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی پر مرکوز ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.