Gas Leakage Web ad 1

الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات فوری کرانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے صوبے میں انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام فوری طور پر منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان نثار درانی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال انسانیت کی بقا کیلئے خطرہ بن سکتا ہے: محققین
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے کمیشن کے خط کے جواب میں 14 اکتوبر کو اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔ صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ دسمبر میں دھند اور سرد موسم جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے باعث بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کرانا چاہتے ہیں۔ اسی بنیاد پر حکومت نے انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز دی، تاہم الیکشن کمیشن نے اس مؤقف کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت 20 اگست کو مشاورت مکمل ہوئی تھی۔ اس موقع پر صوبائی حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، لیکن اب حکومت ان تاریخوں میں تبدیلی کی خواہاں ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے متعلقہ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام فوری طور پر منظوری کے لیے پیش کیا جائے تاکہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی افسران کی فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومت سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں طلب کی گئی تھیں، تاہم یہ فہرستیں فراہم نہیں کی گئیں۔ کمیشن نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر جمع کرائی جائیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق اس معاملے پر 15 اپریل کو ایڈیشنل سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز کے ساتھ مشاورت کی گئی تھی، جس کے دوران سیکرٹری دفاع کو ہدایت کی گئی تھی کہ معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے سمری کی صورت میں پیش کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت سے کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19-D کے تحت درخواست جمع کرانے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔ اس سلسلے میں وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط لکھا، تاہم کوئی خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن نے اس صورت حال کے پیش نظر کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ ونگ کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.