دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد انہیں معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خاندان فائدہ اٹھا رہے ہیں اور یہ پروگرام ضرورت مند خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کا پیمنٹ آف ویجز اتھارٹی کے اختیارات پر اہم فیصلہ
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بااختیار بنانا معاشرتی ترقی کے اہم تقاضے ہیں۔ خواتین کو مناسب مواقع فراہم کرکے انہیں قومی ترقی کے عمل میں بھرپور شرکت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے، کیونکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کو خواتین کی خدمات کے اعتراف میں ایک اہم کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات خواتین کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔
واضح رہے کہ تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ، سماجی انصاف کے فروغ اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔



