راولپنڈی: پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

صاحبزادہ فرحان نے منگل کو ایک اور اعزاز اپنے نام کیا۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں دو فل ممبر ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔
سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل صاحبزادہ فرحان کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
پاکستانی کپتان نے اپنی سرزمین پر پہلی سیریز کو یادگار بناتے ہوئے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔
صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں 79.33 کی شاندار اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 238 رنز بنائے، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس کارکردگی کے ساتھ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ہوم سیریز میں 229 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑنے کے ساتھ ہی صاحبزادہ فرحان دو فل ممبر ٹیموں کے درمیان ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا آغاز 53 گیندوں پر 89 رنز کی میچ وننگ اننگز سے کیا، جس کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
30 سالہ پاکستانی بیٹر نے سری لنکا کے خلاف دوسرے میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جبکہ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 133 رنز بنا سکی۔ اس طرح پاکستان نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
فرحان نے سیریز کے آخری میچ میں بھی اپنی عمدہ فارم برقرار رکھی اور محض 47 گیندوں پر 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس کی مدد سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 168 رنز بنائے۔
تاہم فرحان کی یہ کوشش پاکستان کو فتح دلانے میں ناکام رہی اور مہمان ٹیم نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں اپنی واحد کامیابی اپنے نام کرلی، جبکہ گرین شرٹس نے سیریز 1-2 سے جیت لی۔



