وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایئرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کا فیصلہ، مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ سے روکنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر فوری اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو بلا ضرورت پوچھ گچھ کے ذریعے تنگ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یہ ہدایات اسلام آباد میں کسٹمز کے نظام سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ اسکینرز فضائی راستے سے فوری پاکستان لائے جائیں اور مسافروں کے سامان کی جانچ جدید خودکار نظام کے ذریعے کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر سامان کی جانچ کے فرسودہ طریقے ختم کرنا ہوں گے اور مسافروں کی سہولت اور آرام کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت اور مسافروں کے ساتھ شائستگی اور احترام کو تربیتی عمل کا لازمی حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں کسٹمز انفورسمنٹ کی کارکردگی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق انڈس کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے قیام کے ابتدائی تین ہفتوں میں 80 کارروائیوں کے دوران تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی اشیا ضبط کیں۔ ان کارروائیوں کے لیے 865 اہلکار تعینات کیے گئے اور 26 اہم راہداریوں کا احاطہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسمگل شدہ کپڑوں، گاڑیوں، سگریٹس، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور آٹو پارٹس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کسٹمز اصلاحات کے تحت 280 گڈز ایویلیوٹرز کی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے۔ ان اہلکاروں کی تربیت اکتوبر اور نومبر 2026 میں ہوگی۔
وزیراعظم نے محصولات کی چوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والے کاروبار قابل احترام ہیں، جبکہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔



