PM Apna Ghar Program

پاکستان سے روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد میں بڑی کمی

0

لاہور: بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں سال 2026 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 87 ہزار 298 کم پاکستانی ملازمت کے لیے بیرون ملک گئے۔ خلیجی ممالک میں کشیدہ صورتحال، فضائی آپریشنز میں تعطل اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے باعث پاکستانی ملازمین اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

ایکسپریس نیوز کو پروٹیکٹر اینڈ امیگرنٹس اور پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 63 ہزار 536 پاکستانی روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک گئے تھے، جبکہ 2026 کے پہلے 10 ماہ میں یہ تعداد 4 لاکھ 76 ہزار 238 رہی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 87 ہزار 298 پاکستانی کم بیرون ملک ملازمت کے لیے گئے۔
عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد
اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی ماہانہ اوسط تعداد بھی 63 ہزار 628 سے کم ہوکر 47 ہزار 623 رہ گئی ہے۔ سعودی عرب بدستور پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کی سب سے بڑی منڈی ہے، جہاں 2025 میں 5 لاکھ 30 ہزار 437 پاکستانی ملازمت کے لیے گئے تھے، تاہم 20 نومبر 2026 تک یہ تعداد کم ہوکر 2 لاکھ 94 ہزار 297 رہی۔

اسی طرح قطر میں روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 68 ہزار 386 سے کم ہوکر 35 ہزار 934 جبکہ بحرین میں 37 ہزار 726 سے گھٹ کر 22 ہزار 387 رہ گئی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں 53 ہزار 18 پاکستانی ملازمت کے لیے گئے، جو 2025 کے پورے سال کے دوران جانے والے 52 ہزار 664 پاکستانیوں کی تعداد سے قدرے زیادہ ہے۔

پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر شاہ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے باعث خلیجی ممالک میں کاروباری سرگرمیاں، ترقیاتی منصوبے اور سرمایہ کاری متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد کمپنیوں نے نئی بھرتیوں کے منصوبے روک دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے صرف پاکستانی کارکن ہی نہیں بلکہ بھارت، بنگلہ دیش اور فلپائن سمیت دیگر ممالک کے ملازمین بھی متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور فضائی آپریشنز میں رکاوٹوں کے باعث بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی ملازمین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاض اور دمام کے لیے پاکستانی سمیت مختلف ممالک کی ایئرلائنز کی مسافر اور کارگو پروازیں 30 نومبر تک منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ دبئی ایئرپورٹ پر بھی متعدد پروازیں منسوخی اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس صورتحال کے باعث عمرہ، کاروباری اور فیملی وزٹ کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافر بھی متاثر ہوئے ہیں۔

شپنگ آپریشنز محدود ہونے کے باعث بندرگاہوں پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکسی ڈرائیورز، ڈیلیوری رائیڈرز اور فری ویزا پر کام کرنے والے مزدوروں کو کام کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض کارکنوں کے لیے کفیل کو ادائیگیاں کرکے اپنی قانونی حیثیت برقرار رکھنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

خلیجی ممالک میں نئی بھرتیوں کی طلب میں کمی کے باعث اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق خلیجی آجروں کی جانب سے نئے ڈیمانڈ لیٹرز موصول نہیں ہو رہے، جبکہ پہلے سے موصول ہونے والی بعض بھرتیوں کے عمل کو بھی روک دیا گیا ہے۔ جن کارکنوں کے ٹکٹ، میڈیکل، پروٹیکٹر اور تربیت کے مراحل مکمل ہوچکے تھے، پروازوں کی منسوخی کے باعث پروموٹرز کو رقم کی واپسی اور دوبارہ بکنگ کے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

ادھر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر پر بھی ممکنہ منفی اثرات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے تقریباً 39 سے 40 ارب ڈالر پاکستان بھیجے، جو 2024 کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے 981.6 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 815.9 ملین ڈالر، برطانیہ سے 592.2 ملین ڈالر اور امریکا سے 328.9 ملین ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان موصول ہوئیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.