صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 250 ویں یوم آزادی پر ہونے والے کنسرٹ کو اچانک منسوخ کر دیا جس کی وجہ انتہائی حیران کن ہے۔
امریکا کا 250 واں یوم آزادی 4 جولائی کو منایا جائے گا اور ٹرمپ حکومت اس یوم آزادی کو یادگار بنانے کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے، اسی سلسلے میں ایک کنسرٹ بھی منعقد کیا جانا ہے۔
تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کنسرٹ کو اچانک منسوخ کر دیا ہے اور جو وجہ بیان کی ہے، اس نے تمام امریکیوں سمیت دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر پوسٹ میں لکھا کہ کنسرٹ منسوخ کیا جا رہا ہے، اس کی جگہ 24 جون کو میک امریکا گریٹ اگین (امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے) ریلی نکالی جائے گی، جس سے وہ خود خطاب کریں گے۔
امریکی صدر نے یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ کنسرٹ کو منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایک تو گلوکار بہت زیادہ معاوضہ لیتے ہیں، دوسرا ان کی موسیقی بیزار کرتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا کے 250 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کے نان پرافٹ گروپ فریڈم کی جانب سے 16 روزہ جشن کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس 16 روزہ جشن میں نیشنل مال پر کنسرٹ ہونا تھا تاہم امریکی میڈیا کے مطابق پچھلے چند روز میں کئی گلوکاروں نے کنسرٹ میں پرفارم کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا۔