Gas Leakage Web ad 1

ڈونلڈ ٹرمپ کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو بار بار سراہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

0

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو بار بار سراہا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ ’معرکہ حق‘ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہے، کیونکہ ایک سال قبل اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں پاکستان کو عظیم کامیابی عطا فرمائی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بیشک باطل ہوتا ہی مٹنے کے لیے ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں بالادستی کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن وہ بھول گیا کہ اس کے خواب اس کی صلاحیت سے بڑے ہیں۔ معرکہ حق میں ہر پاکستانی وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گیا۔

پاکستان ایئرفورس نے فضائی جنگ کی نئی مثال قائم کی جبکہ ایل او سی اور مشرقی سرحد پر ہمارے جوانوں نے دشمن کو سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی شاہینوں اور میزائلوں نے بھارت کے 26 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ ہماری عسکری حکمت عملی کا محور جارحیت نہیں بلکہ امن ہے، تاہم دشمن یاد رکھے کہ آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں جنگ کے اثرات محدود نہیں ہوں گے۔ ہم مسلح افواج کو صرف نئے ہتھیار ہی نہیں بلکہ نئی سوچ اور نئی حکمت عملی بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج اپنی موثر قیادت سے عالمی سفارت کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی ثالثی کو سراہا اور کہا کہ امریکا اور ایران کو پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت اور افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ہر پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ جس طرح پوری قوم معرکہ حق میں متحد تھی، اسی طرح اب ہر فرد ’معرکہ تعمیرِ وطن‘ میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو امانت اور کامیابیوں کو اللہ کا احسان قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ پاکستان نے اپنی سفارتی کوششوں سے لبنان میں بھی جنگ بندی کرائی جو ہماری عالمی ساکھ کا ثبوت ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.