میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ذہنی طور پر پستی کا شکار ہے، جبکہ معرکہ حق میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کو سیزفائر میں تبدیل کیا گیا اور پاکستان پوری دنیا میں امن کے فروغ میں کامیاب ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بعض افراد ذاتی بغض اور گھٹیا سیاست کر رہے ہیں، جبکہ کچھ عناصر پاکستان کو نقصان پہنچانے سے باز نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی دنیا بھر میں تعریف کی جا رہی ہے اور امید ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعریف صرف ٹرمپ ہی نہیں بلکہ سعودی عرب اور ایران بھی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وفاق اور صوبوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، اور نہ ہی کسی میگا پراجیکٹ کو ختم کیا گیا ہے اور نہ کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے وعدے پورے کریں گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور اس کی کامیابی کے سامنے دیگر تمام امور ثانوی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی اور ان کے معاملات عدالتوں کے سپرد ہیں، جہاں فیصلے قانون اور آئین کے مطابق کیے جائیں گے۔