پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا: وزیراعظم
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات سے متعلق اپنی کاوشوں سے آگاہ کیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے دوران انہوں نے امریکہ اور ایران مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مثبت نتائج کے لیے پُرامید ہے۔
سپین نے تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امید کا مرکز بن کر ابھرا ہے اور کئی دہائیوں بعد امریکہ اور ایران کو ایک میز پر بٹھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک کے وفود پاکستان کی درخواست پر شریک ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ ایران اور امریکہ کے صدور کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت قبول کی، یہ ان کی ذات نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے عزت کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان 21 گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا موقع ملا اور اب تک جنگ بندی برقرار ہے، جبکہ مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق یہ لمحہ ملک کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کا موقع ملا، اور مذاکرات کے دوران ایسے مواقع بھی آئے جب بات چیت تعطل کا شکار ہونے کے قریب پہنچی لیکن دوبارہ بحال ہو گئی۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل کو شاباش دیتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلسل محنت کی اور ان کی حکمت عملی کے باعث عارضی جنگ بندی پر عملدرآمد ممکن ہوا۔