نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں امیگریشن حکام اسلام آباد مذاکرات کے سلسلے میں آنے والے افراد کو آمد پر ویزا جاری کریں گے، اور تمام وفود اور صحافیوں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تمام فضائی کمپنیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو بغیر ویزا بورڈنگ کی اجازت دیں۔
جنگ بندی اتفاق رائے میں لبنان شامل تھا، سلامتی کونسل میں پاکستانی نمائندےکی تصدیق
اس سے قبل وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد ٹاکس 2026 کے شرکاء کے لیے خصوصی ویزا سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت تمام متعلقہ ایئر لائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ شرکاء کو بغیر ویزا بورڈنگ کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو پاکستان پہنچنے پر ویزا جاری کیا جائے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے متعلقہ ایئرپورٹس پر خصوصی سہولت ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں جہاں شرکاء کو فوری معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ داخلہ نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع اور ایئر لائنز کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد مذاکرات میں شریک ہونے والے افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔