سندھ کے علاوہ ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے علاوہ ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مالز بھی رات 8 بجے بند کیے جائیں گے۔ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دکانیں رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ میرج ہالز اور شادی کی دیگر تقریبات بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کے بعد پابندی عائد کی جائے گی۔ اس دوران میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔ فیصلے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ان اقدامات پر عمل درآمد ہوگا، جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل تاحال جاری ہے اور اس پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔