ترکیہ میں او آئی سی کی استنبول وزارتی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور روس کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ دیمتری اسٹینسلاوووچ زیوریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں عبدالعلیم خان کو روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں یکم یا 3 اپریل 2026 کو ہونے والے انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
ہیئر ایکسٹینشنز میں سرطان سے جڑے کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس زمینی اور فضائی رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ ماسکو سے اسلام آباد کے لیے ڈائریکٹ فلائٹ کے آغاز، دوطرفہ بینکنگ چینل میں اضافے اور درپیش مشکلات کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے عملی اقدامات، مال بردار پاکستانی ٹرالر ڈرائیورز کو درپیش ویزا اور دیگر مسائل کے حل کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین اور دیگر ممالک سے زمینی راہداریوں کی تشکیل میں پاکستان کی دلچسپی بھی دہرائی اور کہا کہ سینٹرل ایشیاء کی ریاستوں کے ذریعے پاکستان اور روس آپس میں منسلک ہو سکتے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان روس سے روڈ نیٹ ورک کے لیے باہمی اشتراک کا خواہاں ہے اور او آئی سی کانفرنس میں خطے کے ممالک باہمی تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ روس کے نائب وزیر نے بھی خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں وسیع تر تعاون ممکن ہے۔