پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل وقاص اکرم شیخ نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کسی بھی وقت اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دے سکتی ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران وقاص اکرم نے کہا کہ آج کا دن پی ٹی آئی کے لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سلمان صفدر کی رپورٹ سے قوم پریشان ہے اور سراپا احتجاج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آنکھ کے معائنے کے دوران اہلخانہ کی غیر موجودگی اور کتابوں کے حوالے سے ڈاکٹرز کی رائے نہ لینے پر تکلیف پہنچی، اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود عدالت کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔
کرینہ اور سیف کے ہاں تیسرے مہمان کی آمد؟ تصاویر وائرل
وقاص اکرم نے کہا کہ آنکھ کے علاج کے دوران اہلخانہ کی موجودگی ضروری ہے، اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے تکلیف ہونے کے باوجود وہ فیصلہ قبول ہے۔ انہوں نے اسے ناقابل سزا جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی سزا صوبائی اور وفاقی حکومت کو ملے گی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی نے صحت کارڈ کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو سہولتیں فراہم کیں، لیکن خود انہیں تین ماہ تک صرف آنکھ کے قطروں پر رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا فوری طور پر ذاتی معالج سے علاج ہونا چاہیے اور وزیر جیل خانہ جات کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔
وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی ختم ہونے کے ذمہ دار فارم 47 کی حکومت ہے، اور جیلر کی کیا حیثیت کہ وہ سابق وزیراعظم کا علاج نہ کروائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسپتال لے جانے کے بعد داخلہ کیوں نہیں کروایا گیا، اور کہا کہ حکومت اپنے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں احتجاج ہو رہا ہے اور قوم نماز جمعہ میں بانی پی ٹی آئی کے لیے دعا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکمران عوام پر عذاب کی صورت میں مسلط ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی نواز شریف کی طرح عوام کو دھوکہ دے کر نہیں جائیں گے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام اراکین نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کا حکم نامہ جلد جاری ہوگا۔
وقاص اکرم نے مزید کہا کہ کے پی حکومت بانی پی ٹی آئی کی تصویر کی مرہون منت ہے اور ان کی تکلیف پر صوبے کے عوام بھی متاثر ہیں۔ کور کمیٹی اجلاس میں اراکین نے اسلام آباد مارچ کی تجویز دی، اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے کسی رکن کو کوئی شکایت نہیں ہے۔