پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے اپنی ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
حیدرآباد ٹیم کے نام اور لوگو کی تقریبِ رونمائی نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں اسلام آباد دھماکے کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ فرنچائز کے مالک فواد سرور نے ٹیم کا نام حیدرآباد کنگزمین رکھنے کا اعلان کیا۔
27ویں آئینی ترمیم کے بعد عوامی مفاد کی پہلی درخواست آئینی عدالت میں دائر
آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جو اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ بریڈ برن کو حیدرآباد کنگزمین کا فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، وہ 2018 سے 2020 تک پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔
فرنچائز نے آسٹریلیا کے معروف بلے باز مارنس لبوشینے کو بھی براہِ راست سائن کر لیا ہے، جو آئندہ ایڈیشن میں پہلی بار پی ایس ایل میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل حیدرآباد فرنچائز نے صائم ایوب، عثمان خان، معاذ صداقت اور عاکف جاوید کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صائم ایوب اس سے قبل پشاور زلمی کا حصہ تھے اور انہیں پلاٹینیم کیٹیگری میں 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں برقرار رکھا گیا، جس کے بعد وہ رواں سیزن کے مہنگے ترین پاکستانی کھلاڑی بن کر سامنے آئے ہیں۔
عاکف جاوید کو گولڈ کیٹیگری میں 1 کروڑ 96 لاکھ روپے، معاذ صداقت کو ایمرجنگ کیٹیگری میں 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ عثمان خان کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں 4 کروڑ 62 لاکھ روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔