پاک بحریہ نے 14ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی
اسلام آباد، 29 جنوری 2026: پاک بحریہ نے 14ویں بار کثیرالقومی کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF-150) کی کمان سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے کموڈور محمد یاسر طاہر نے رائل سعودی نیول فورسز (RSNF) کے کموڈور فہد ایس الجوید سے کمان لی۔
منشیات اسمگلنگ کے اصل مالکان تو آج تک نہیں پکڑے جاتے، جسٹس جمال کے کیس میں ریمارکس
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے کمانڈر CTF-150، کموڈور محمد یاسر طاہر نے کہا کہ ان کی ٹیم خطے میں بحری تحفظ اور استحکام کے لیے اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور اہم سمندری گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
کمبائنڈ ٹاسک فورس (CTF-150) کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت کام کرنے والی پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے۔ اس کا مشن بحر ہند، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان کی اسمگلنگ میں ملوث غیر ریاستی عناصر کو روکنا ہے۔ رائل سعودی نیول فورسز کی کمان کے دوران CTF-150 کے تحت پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے انسداد منشیات کے کامیاب آپریشنز علاقائی امن و سلامتی میں پاک بحریہ کی لگن اور مہارت کا ثبوت ہیں۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل کرٹ اے رینشا، کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی اور دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔