سرگودھا میں ن لیگی رہنما راؤ جنید کی ہتھکڑیوں میں گرفتاری، پیدل مارچ نے سب کو حیران کر دیا

0

سرگودھا میں ن لیگی رہنما راؤ جنید کی ہتھکڑیوں میں گرفتاری، پیدل مارچ نے سب کو حیران کر دیا

سرگودھا (اسرار احمد) سرگودھا کے علاقے 49 ٹیل میں گزشتہ رات دس بجے ایک غیرمعمولی منظر دیکھنے کو ملا، جب مسلم لیگ (ن) کے سرگرم کارکن اور سابق ممبر کینٹونمنٹ بورڈ راؤ جنید کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہتھکڑی لگا کر سڑکوں پر گھمایا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، راؤ جنید کو سلطان ملز سے لے کر ان کے گھر اور پھر 49 ٹیل تک پیدل مارچ کرایا گیا، جس دوران پولیس اہلکار ان کی ویڈیوز بناتے رہے، مگر عام شہریوں کو ویڈیو بنانے سے روک دیا گیا۔

پولیس کے مطابق، راؤ جنید کو دو ساتھیوں سمیت ناجائز اسلحے اور ‘ویگو ڈالا کلچر’ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

راؤ جنید کو مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اور ایم پی اے صفدر ساہی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے، اور وہ ہلال احمر ہسپتال سرگودھا میں بھی ایک اہم عہدے پر فائز رہے ہیں۔ ان کی دیگر لیگی رہنماؤں سے قریبی روابط بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

اس تمام معاملے پر تاحال مسلم لیگی حلقے خاموش ہیں، مگر سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس گرفتاری کے سیاسی اثرات نمایاں ہو سکتے ہیں۔

اب اصل سوال یہ ہے کہ کیا پولیس عدالت میں ان الزامات کو ثابت کر کے راؤ جنید کو سزا دلوانے میں کامیاب ہو پائے گی؟ یا یہ کارروائی بھی دیگر سیاسی گرفتاریوں کی طرح دب جائے گی؟ یہ معاملہ اگلے چند روز میں نیا رخ اختیار کر سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.