اسلام آباد: صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔گزشتہ روزیہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آسٹریا سے تعلق رکھنے والے سینئر ریسرچر مسٹر مارکس گسٹرسے گفتگو میں صدرریاست نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری کردار ادا کرنا چاہئے۔
کیونکہ پاک بھارت دونوں تیسری دنیا کی ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
لہٰذا ایسی صورت حال میں عالمی برادری آگے بڑھے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان بھی خطے کاایک اہم ملک ہے اور وہاں پر بھی ایک مضبوط اور مستحکم حکومت ہونی چاہئے۔