گھر کے اندر ایک اور گھر، ایک عجیب تعمیراتی عجوبہ
کیا آپ نے کبھی ایسا گھر دیکھا ہے جس کے اندر ایک اور گھر موجود ہو؟ اس پر یقین کرنا مشکل ضرور ہے، مگر یورپی ملک کروشیا کے قصبے بول میں ایسا ہی ایک منفرد گھر موجود ہے۔
پہلی نظر میں یہ قدیم عمارت کچھ خاص محسوس نہیں ہوتی بلکہ ایک کھنڈر کا تاثر دیتی ہے۔
تاہم جب کوئی اس کے اندر داخل ہوتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس کے اندر ایک اور گھر چھپا ہوا ہے۔
ایران اور امریکا معاہدے کے فالو اپ پر مثبت پیش رفت جاری ہے،عاصم افتخار
اوپر سے دیکھنے پر یہ منظر اور بھی حیران کن لگتا ہے، جہاں ایک چھوٹا گھر ایک بڑے اور نامکمل گھر کے اندر پھنسا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
کسی کو یہ معلوم نہیں کہ ایک گھر کے اندر دوسرا گھر کیوں موجود ہے، تاہم اس حوالے سے ایک مقامی کہانی خاصی مشہور ہے۔
کہا جاتا ہے کہ یہ سب اس وقت شروع ہوا جب ایک ہٹ دھرم شخص نے اپنا گھر فروخت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اس روایت کے مطابق انیسویں صدی کے آخر میں معزز اور خوشحال ووکووچ خاندان نے اس قصبے میں ایک شاندار محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے قصبے میں زمین خریدنا شروع کی اور ہر پلاٹ کے لیے مارکیٹ قیمت سے زیادہ رقم کی پیشکش کی۔
زیادہ تر مقامی افراد نے خوشی خوشی اپنی زمین فروخت کر دی، لیکن مارکو نامی ایک شخص نے اپنا گھر بیچنے سے صاف انکار کر دیا۔
ووکووچ خاندان کی تمام کوششوں کے باوجود مارکو اپنے فیصلے پر قائم رہا، جس کے بعد اس خاندان نے اسے مجبور کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مارکو کے گھر کے چاروں طرف اپنے محل کی تعمیر شروع کر دی۔
یہ محل مارکو کے گھر سے محض چند میٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا جا رہا تھا اور خاندان کو امید تھی کہ وقت گزرنے کے ساتھ مارکو مجبور ہو کر اپنا گھر فروخت کر دے گا۔
لیکن اسی دوران ووکووچ خاندان کے تین بھائی اس وقت سمندر میں ڈوب گئے جب وہ محل کی تعمیر کے لیے سامان خریدنے جا رہے تھے، جس کے باعث اس منصوبے پر کام اچانک رک گیا۔
دوسری جانب مارکو نے اس بڑے نامکمل ڈھانچے کے اندر موجود اپنے گھر میں رہائش برقرار رکھی۔
اگرچہ یہ کہنا ممکن نہیں کہ اس کہانی میں کتنی حقیقت ہے، لیکن ایک بات یقینی ہے کہ یہ عجیب و غریب تعمیراتی عجوبہ آج بھی اس علاقے میں آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔