وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر فلسطینی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزاد فلسطین کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے فلسطینی عوام کی ہمت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں تاریخ کا ایک روشن باب ہیں اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کی نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے دکھ اور درد میں برابر کا شریک ہے۔ فلسطین میں معصوم بچوں، خواتین اور دیگر شہریوں کا قتل عام پوری انسانیت کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔
مریم نواز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو ان کی آزادی، خودمختاری اور حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ فلسطینی عوام کی جرات، بہادری اور عزم قابل تحسین ہے اور ان کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے پختہ عزم اور یکجہتی کے ساتھ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھے گا، جبکہ پاکستانی قوم کے دل اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔


