PM Apna Ghar Program

عالمی پنجابی کانفرنس میں پنجابی زبان کو نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ

0

لاہور میں 27 نومبر سے جاری عالمی پنجابی کانفرنس کا آج آخری روز ہے، جس میں پاکستان، بھارت اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ادیبوں، محققین اور طلبہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جب تک مشرقی پنجاب کی طرز پر مغربی پنجاب کے اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجابی زبان کو سرکاری حیثیت اور تدریسی درجہ نہیں دیا جاتا، اس زبان کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششیں مؤثر ثابت نہیں ہو سکتیں۔

Gas Leakage Web ad 2

پنجابی پاکستان اور بھارت میں صدیوں سے بولی جانے والی خطے کی بڑی زبانوں میں شامل ہے، جس میں شاعری، ناول نگاری، ڈرامے، موسیقی اور لوک داستانوں کا ایک وسیع ادبی و ثقافتی ذخیرہ موجود ہے۔ تقسیمِ برصغیر کے بعد پنجاب دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، تاہم سرحد کے دونوں جانب آباد کروڑوں افراد آج بھی پنجابی زبان کو اپنی مادری زبان کے طور پر بولتے ہیں۔
غیر آئینی طریقے اور مسلح جتھوں کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر
کانفرنس میں شریک مقامی طلبہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی نصاب میں پنجابی زبان کو شامل نہ کیے جانے کے باعث نوجوان نسل اپنی مادری زبان بولنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ پنجابی ان کی مادری زبان ہے، لیکن معاشرے میں پنجابی بولنے والوں کو گنوار سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس زبان کے بولنے والے بھی اکثر اسے بولتے ہوئے شرمندگی محسوس کرتے ہیں، حالانکہ دنیا بھر میں لوگ اپنی مادری زبان پر فخر کرتے ہیں۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی پنجاب کی طرز پر پاکستانی پنجاب کے تعلیمی نصاب میں بھی پنجابی زبان کو شامل کرلیا جائے تو بچے ابتدائی عمر ہی سے اسے سیکھ سکیں گے اور مستقبل میں زیادہ آسانی اور اعتماد کے ساتھ اپنی مادری زبان بول سکیں گے۔

دوسری جانب کانفرنس میں بھارت سے شرکت کے لیے آنے والے مندوب سردار جرنیل سنگھ ٹیلو نے کہا کہ دنیا بھر سے پنجابی بولنے والے اس کانفرنس میں اس مقصد کے تحت جمع ہوئے ہیں تاکہ اپنی زبان اور ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

سردار جرنیل سنگھ ٹیلو کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارتی پنجاب کے تعلیمی اداروں کے نصاب میں پنجابی زبان پڑھائی اور لکھائی جاتی ہے، اسی طرح پاکستانی پنجاب کے تعلیمی نصاب میں اسے شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہاں کی حکومت پنجابی زبان کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کرتی ہے، تاہم یہ سمجھ نہیں آتا کہ عملی اقدامات کرنے سے گریز کیوں کیا جا رہا ہے۔

کانفرنس میں شریک بھارتی نژاد آسٹریلوی مندوب کرن جیت کور نے بھی اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پنجاب کے اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجابی زبان بولی جاتی ہے، جبکہ پاکستانی پنجاب میں سرکاری اور ادارہ جاتی سطح پر اس کا استعمال محدود دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے پنجابی زبان کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کی حکومت کی جانب سے پنجابی زبان کے فروغ کو یقینی بنانے کے دعوے تو کیے جاتے ہیں، تاہم جب تک اسکولوں اور سرکاری محکموں میں اس زبان کو سرکاری حیثیت نہیں دی جاتی، اس وقت تک اس حوالے سے کی جانے والی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔

تین روزہ عالمی پنجابی کانفرنس کے دوران فکری نشستوں اور ادبی مباحثوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی کھانوں کے اسٹالز اور موسیقی کے مختلف پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.