اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پارٹی آپس میں دست و گریباں ہے، ایسے میں یہ بانی پی ٹی آئی کو کیا رہا کرائیں گے۔

خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنماؤں لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں تاکہ ان کی سیاسی دکان داری چلتی رہے۔
دوسرا ٹیسٹ: پاکستانی بولرز کی تباہ کن بولنگ، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 98 رنز پر ڈھیر
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پوری پارٹی ایک دوسرے سے دست و گریباں ہے اور ایسے حالات میں یہ بانی پی ٹی آئی کو کیا رہائی دلوائیں گے۔ ان کے مطابق ایسے حمایتی اور پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی کے لیے قید سے بھی بڑی سزا ہیں۔
خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی طبی بنیادوں پر ریلیف کی اپیل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو شخص جیل میں قید اپنے سیاسی مخالفین کی بیماریوں کا مذاق اڑایا کرتا تھا، آج خود مکافاتِ عمل کا شکار ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دوسروں کی تکلیف پر قہقہے لگانے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے ان کی ہدایت پر اعلیٰ عدلیہ سے طبی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔



