پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں کامیاب سفارت کاری پر حکومتی کردار کی تعریف کی گئی ہے۔ پارٹی نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی امید ظاہر کی۔
وزیراعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، مسعود پزشکیان نے وفد کی پاکستان آمد کی تصدیق کردی
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد مؤثر ذریعہ ہیں۔ پارٹی کے مطابق تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جنگیں صرف تباہی اور جانی نقصان کا سبب بنتی ہیں، اس لیے ان سے گریز کرنا ہی دانشمندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتکاری اور مکالمہ ناگزیر ہیں، اور جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے تمام فریقین کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بطور ریاست کسی ایک فرد پر منحصر نہیں بلکہ ایک آئینی نظام کے تحت چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے جس انداز میں اپنا دفاع کیا وہ غیر معمولی تھا، اور ان کے مطابق وہ ایرانی عوام اور عرب ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اسرائیل کو لگام دینے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو اس ثالثی کے کردار سے متعلق آگاہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سیز فائر مستقل ثابت ہوگا اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم پیش رفت میں جس نے بھی کردار ادا کیا وہ قابلِ ستائش ہے، جبکہ حکومت سے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔