خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پرائمری اسکولوں میں حاضری صبح 7:30 بجے سے ہوگی جبکہ چھٹی دوپہر 1:35 پر ہوگی۔ اسکولوں میں طلباء کی اخلاقی تربیت، مختلف موضوعات پر تقاریر اور عملی سرگرمیاں لازمی قرار دی گئی ہیں۔
نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق طلباء کو ہفتے میں تین دن تقاریر اور تین دن خاکوں کے ذریعے اخلاقی تعلیم دی جائے گی، جبکہ اسکول سربراہان کو ہر ہفتے کے آخری ورکنگ ڈے پر بزمِ ادب کے انعقاد کی ہدایت کی گئی ہے۔
بزم ادب کے بعد آخری تین پیریڈز میں اسٹاف میٹنگ اور رجسٹرز مکمل کیے جائیں گے۔ اساتذہ کی کمی یا طویل رخصت کی صورت میں ہیڈز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ کلاسز لیں گے۔
تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکولوں میں نئے ٹائم ٹیبل پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔