اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جس بھی ڈاکٹر سے آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیں، انہیں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے اپنی رپورٹ میں یہ نہیں کہا کہ شکایت کے باوجود بانی پی ٹی آئی کا علاج نہیں کرایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان جس بھی ڈاکٹر سے آنکھوں کا چیک اپ کرانا چاہیں، کروایا جائے گا۔
سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ڈیڑھ سال میں 25 مرتبہ عمران کا چیک اپ کروایا
دوسری جانب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں تکلیف کی شکایت پر جیل سپرنٹنڈنٹ یا متعلقہ حکام نے توجہ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل حکام کی بروقت توجہ نہ دینے کے باعث مجرمانہ غفلت برتی گئی۔
یاد رہے کہ اڈیالا جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات سے متعلق رپورٹ میں عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد تک محدود رہ گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تشویشناک ہیں اور ان کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی کتنی متاثر ہے، اس کا فیصلہ کوئی وکیل نہیں بلکہ ماہر ڈاکٹر کرے گا۔